کوئٹہ(این این آئی) نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں ہنہ اوڑک میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہنہ اوڑک میں دہشت گردی کے مسلسل واقعات صوبائی حکومت کی امن و امان برقرار رکھنے میں ناکامی کا واضح ثبوت ہیں۔ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کی اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، جس کے باعث شہریوں کی زندگیاں محفوظ نہیں۔بیان میں کہا گیا کہ حکومت کی غیر سنجیدگی، ناقص حکمتِ عملی اور مجرمانہ غفلت ایسے سانحات رونما ہورہے ہیں۔ اگر بروقت اور مؤثر اقدامات کیے جاتے تو قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکتا تھا۔ عوام کو محض بیانات اور دعووں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ہنہ اوڑک کے عوام کا احتجاجی دھرنا ان کے جائز غم و غصے کی علامت ہے۔ ہنہ اوڑک کے عوام نے پہلے بھی اپنے خدشات و تحفظات ظاہر کی تھی۔لیکن افسوس ان کو نہ سنا گیا اور نہ دور کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی ہنہ کے عوام کے ساتھ ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ احتجاجی دھرنے کے خدشات و تحفظات دور کئیے جائے اور ان کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

