سندھ حکومت کا کام بچوں میں ایچ آئی وی کیسز پھیلانا ہے، امیر جماعت اسلامی کراچی

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا ہے کہ سندھ گورنمٹ نے 300 بلین سے زائد کا بجٹ پیش کیا ہے اور صوبائی حکومت کہتی ہے کہ ہم نے ہیلتھ میں بہت کام کیا ہے لیکن انکا کام بچوں میں ایچ آئی وی کیسز پھیلانا ہے۔
عباسی شہید اسپتال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 78 معصوم بچوں کو ہمیشہ کے لیے ایچ آئی وی سے متاثر کر دیا اور سعید غنی نے 78 بچوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق بھی کی۔

منعم ظفر نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس عباسی شہید کی اس حالت زار پر ہے جو قابض میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کی ہے، ینگ ڈاکٹرز اور پی جی گزشتہ 8 روز سے احتجاج کر رہے ہیں لیکن قابض میئر کے پاس ڈاکٹرز کے مسئلے کے حل کے لیے وقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہاں ڈاکٹرز اس بات پر احتجاج کر رہے ہیں کیونکہ تنخواہیں دو ماہ سے التواء کا شکار ہیں، ڈاکٹرز کی تنخواہ 69 ہزار ہے لیکن انہیں ملتی 45 ہزار ہے۔ یہاں ڈاکٹرز کی تنخواہیں گارڈز سے بھی کم ہے، یہاں کام کرنے والے گارڈز کی تنخواہ 55 ہزار روپے ہے۔

منعم ظفر نے کہا کہ پرائیوٹ اسپتالوں کو فنڈز جاری کیے جا رہے ہیں لیکن بدلیہ عظمیٰ کراچی کے سب سے بڑے اسپتال کو فنڈز نہیں مل رہے۔ عباسی شہید اسپتال آپ سے نہیں چل رہا اور نہ ولیکا اسپتال آپ لوگوں سے چل رہا ہے، خدارا لوگوں پر رحم کریں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہاؤس آفیسر کی فی الفور پوری تنخواہ ادا کی جائے اور اسپتال میں سیکیورٹی کے مسائل کو فوری حل کیا جائے جبکہ اسپتال میں ادویات کی قلت کو بھی ختم کیا جائے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ عباسی اسپتال میں میڈکل اسٹورز نجی پارٹیاں چلا رہی ہیں اور قابض میئر کی سرپرستی میں ہی یہ سب کام ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں