امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ پر خودکش حملہ کیس::ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع

انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ پر خودکش حملے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جس میں سی ٹی ڈی نے گرفتار دو سہولت کاروں کو عدالت میں پیش کیا۔

سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کی۔ سی ٹی ڈی نے ملزمان واصف اللہ اور محمد شفیق کے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے دونوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع کر دی۔

تفتیشی حکام کے مطابق ملزمان کو سی ٹی ڈی مردان نے گرفتار کیا تھا اور دورانِ تفتیش انہوں نے امام بارگاہ خدیجہ الکبریٰ پر حملے میں سہولت کاری کا انکشاف کیا، اے ٹی سی مردان کی اجازت کے بعد اسلام آباد پولیس نے ملزمان کو گرفتار کیا۔

تفتیشی کے مطابق ملزمان خودکش حملے کی منصوبہ بندی اور مالی معاونت میں ملوث ہیں اور دہشت گردوں کی معاونت کے لیے بائنینس اکاؤنٹ میں رقم وصول کی گئی۔ ملزمان کے اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے ورچوئل کرنسی انویسٹی گیشن سیل کو خط بھیج دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں