کوئٹہ(این این آئی)قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے صوبہ بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے بلند درجات، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور متاثرہ خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔انہوں نے دہشت گرد حملوں میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں اور معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر پاک افواج کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج بے مثال جرات، عزم اور قربانی کے جذبے کے ساتھ وطنِ عزیز کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر ڈٹی ہوئی ہیں۔ پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے، جن کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کا اعتراف دنیا بھر میں کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا کر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں، تاہم قوم کے اتحاد، ریاستی اداروں کے باہمی تعاون اور سکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائیوں کے باعث انہیں اپنے ناپاک مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔سیدال خان ناصر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، افواہوں سے گریز کریں اور دہشت گردی کے خلاف ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی اور ملک کے امن کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

