پیشکان: گھر کے اندر گرنے والے بوسیدہ بجلی کی تار سے مزدور جاں بحق، اہلیان پیشکان کا کیسکو کے خلاف شدید غم و غصّے کا اظہار

گوادر (رپورٹر) ضلع گوادر کے علاقے پیشکان میں آج علی الصبح ایک المناک حادثے میں گھر کے اندر سے گزرنے والی بوسیدہ بجلی کی تار گرنے کے باعث ایک غیر مقامی محنت کش موقع پر جان کی بازی ہار گیا۔

تفصیلات کے مطابق متوفی مزدور اپنے کمرے کے باہر ٹہل رہا تھا کہ اچانک چھت سے گزرنے والی خستہ حال بجلی کی تار ٹوٹ کر اس پر گر گئی۔ کرنٹ لگنے سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

اہلیان پیشکان کا کہنا ہے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ کچھ عرصہ قبل پیشکان بازار میں بھی اسی طرح بوسیدہ تار گرنے سے ایک شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔
علاقہ مکینوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے پیشکان کے گھروں کے اندر سے بجلی کے کھمبے اور تاریں گزر رہی ہیں جو انتہائی بوسیدہ ہو چکی ہیں۔ علاقائی نمائندے بارہا کیسکو کے اعلیٰ حکام، ایم پی اے گوادر اور ڈپٹی کمشنر گوادر سے اپیل کر چکے ہیں کہ ان کھمبوں و تاروں کو گھروں سے نکال کر باہر منتقل کیا جائے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ “گزشتہ رات ہونے والے جانی نقصان کی مکمل ذمہ داری کیسکو پر عائد ہوتی ہے کیونکہ وہ عوام کی شکایات کے باوجود بجلی کے نظام کو بہتر بنانے میں ناکام رہی ہے”۔
اہلیان پیشکان نے ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ سے دست بستہ اپیل کی ہے کہ:

1. *کیسکو حکام کی سرزنش* کی جائے اور اس لاپرواہی پر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
2. *جاں بحق مزدور کے خاندان* کے ساتھ مالی تعاون اور امداد کی جائے۔
3. *ایمرجنسی بنیادوں پر* پیشکان میں گھروں کے اندر گزرنے والی تمام بجلی کی تنصیبات کو متبادل جگہ منتقل کیا جائے۔
4. *تمام بوسیدہ کھمبوں اور تاروں* کو فوری طور پر ہٹا کر ان کی جگہ نئے کھمبے اور تاروں کی تنصیب یقینی بنائی جائے تاکہ مستقبل میں مزید قیمتی انسانی جانوں اور املاک کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
اہلیانِ پیشکان

اپنا تبصرہ بھیجیں