کوئٹہ(این این آئی)اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی کی ہدایت پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات اور انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے اسپیکر کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ بھی موجود تھے۔ملاقات میں بلوچستان اسمبلی کی سیکیورٹی اور موجودہ امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کو اسمبلی کی سیکیورٹی سے متعلق کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ موجودہ حالات کے پیش نظر بلوچستان اسمبلی کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے، حفاظتی اقدامات کو مضبوط کرنے اور ہر وقت مکمل چوکسی برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے اس امر پر زور دیا کہ بلوچستان اسمبلی ایک اہم آئینی ادارہ ہے، لہذا اس کی سیکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسمبلی کی حفاظت، نگرانی اور سیکیورٹی انتظامات کو ہر ممکن حد تک مؤثر اور فول پروف بنانے کے لیے متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں بہترین طریقے سے سر انجام دیں۔

