کوئٹہ(این این آئی) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ وطن کی سلامتی، امن اور خودمختاری کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے شہداء قوم کے حقیقی ہیروز ہیں جن قوموں کے محافظ اپنے فرائض کی ادائیگی میں عظیم قربانیاں دیتے ہیں، وہ قومیں ہمیشہ اپنے محسنوں کو عزت و احترام سے یاد رکھتی ہیں شہداء کی قربانیاں محض ایک فرد کی جدائی نہیں بلکہ پورے ملک کے امن، استحکام اور مستقبل کے تحفظ کی ضمانت ہوتی ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کی سرحدوں، داخلی سلامتی اور عوام کے تحفظ کیلئے اپنی زندگیاں قربان کرنیوالے بہادر سپوت دراصل قومی وقار کے محافظ ہیں انکی قربانیوں کی بدولت لاکھوں شہری سکون، آزادی اور تحفظ کے احساس کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں قوم ان عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی اور شہداء کا مقام ہمیشہ بلند رہے گا۔چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے مزید کہا ہے کہ شہادت ایسا اعزاز ہے جو ہر کسی کے نصیب میں نہیں آتا وطن کیلئے جان قربان کرنیوالے اپنے عمل سے ثابت کرتے ہیں کہ قومی سلامتی اور عوام کا تحفظ انکی ذاتی زندگی سے بھی زیادہ اہم ہے انکے اہل خانہ بھی قوم کے احترام اور خراج تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کی جدائی کا عظیم دکھ برداشت کیا شہداء کی قربانیوں کو صرف الفاظ تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ان کے مشن، اتحاد، حب الوطنی اور قومی ذمہ داری کے جذبے کو عملی زندگی میں اپنایا جائے شہداء وطن ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گے، کیونکہ انکا لہو ملک کی سلامتی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔

