کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری مالیات حاجی صالح محمد، مفتی رضا خان، حاجی ظفراللہ کاکڑ، میر سرفراز شاہوانی، میر حشمت لہڑی، سیٹھ اجمل بازئی، سالار مولوی علی جان، مولانا سید سعداللہ آغا اور مولوی نقیب اللہ ملاخیل نے اپنے مشترکہ اخباری بیان میں کہا ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کرنے والی اور ہزاروں شہداء کی قربانیاں پیش کرنے والی جماعت کو کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ داغ دار کردار رکھنے والے اور نیب زدہ افراد سے پریس کانفرنسیں کروا کر حقائق کو مسخ کرنے کی کوششیں نہ صرف قابلِ مذمت بلکہ عوام کی نظروں میں اپنی ساکھ بچانے کی ناکام کوشش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اپنے قائد کی سیاسی بصیرت، آئینی جدوجہد اور اصولی مؤقف پر مکمل اعتماد رکھتی ہے، کارکن ہر قسم کے منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے اپنے قائد کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے رہیں گے اور کسی بھی دباؤ یا پروپیگنڈے سے مرعوب نہیں ہوں گے۔

