شرجیل میمن کی زیر صدارت اجلاس، نئی بسوں کے لیے ڈپوز کی اراضی فوری فراہم کرنے کی ہدایت

کراچی(این این آئی) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت مختلف پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں کے لیے بس ڈپوز کی تعمیر کے لیے زمین کی فراہمی اور ٹرانسپورٹ پلان سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) آصف جان صدیقی، مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ ملیر، کورنگی، کراچی وسطی اور کراچی غربی کے ڈپٹی کمشنرز بھی اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس کے دوران حکام نے پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں اور بسوں کی پارکنگ و آپریشن کے لیے درکار اراضی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ مختلف اضلاع میں دستیاب سرکاری اراضی، مجوزہ مقامات اور مستقبل کی ضروریات کا جائزہ بھی لیا گیا تاکہ بس ڈپوز کے قیام کے لیے موزوں مقامات کا تعین کیا جا سکے۔اس موقع پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے 50 ڈبل ڈیکر بسیں اور 500 نئی الیکٹرک (EV) بسیں ٹرانسپورٹ نظام میں شامل کی جا رہی ہیں، جن کی آمد سے صوبے کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بس ڈپوز کے لیے موزوں اراضی کی نشاندہی اور اس کی فراہمی کے عمل کو فوری طور پر مکمل کیا جائے۔انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے اضلاع میں دستیاب خالی سرکاری اراضی کی نشاندہی کریں تاکہ ماس ٹرانزٹ منصوبوں کے لیے جدید بس ڈپوز قائم کیے جا سکیں۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ منصوبوں کی کامیابی کے لیے مناسب ڈپو اور آپریشنل انفراسٹرکچر کی بروقت دستیابی ناگزیر ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے زمین کی نشاندہی اور دیگر ضروری انتظامات جلد از جلد مکمل کریں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو جدید، آرام دہ، ماحول دوست اور عالمی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنے کے اپنے عزم پر کاربند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ نئی بسوں کو جلد از جلد عوامی خدمت کے لیے سڑکوں پر لایا جائے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں جاری منصوبے صوبے میں ٹرانسپورٹ کے نظام میں انقلابی تبدیلی کا باعث بنیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں