پیپلز پارٹی سب سے بڑی سیاسی و جمہوری جماعت،ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے، سردار عمر گورگیج

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرو سینیٹر سردار محمد عمر گورگیج سے پیر کوپاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان خواتین ونگ کی صدر و ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ، جنرل سیکرٹری زرینہ زہری اور سیکرٹری اطلاعات کرن بلوچ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال، پارٹی کے تنظیمی امور، خواتین کو بااختیار بنانے اور نچلی سطح پر پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صوبے میں پاکستان پیپلز پارٹی کو یونین کونسل کی سطح پر فعال و منظم بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر سردار عمر گورگیج نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پاکستان کے عوام کی سب سے بڑی سیاسی و جمہوری جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسوقت بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی مخلوط صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے لار ہی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر مملکت آصف علی زرداری اور آصفہ بھٹو بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں کارکن ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں انکے جائز مسائل کے حل کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے پیپلز پارٹی کارکن چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔اس موقع پر پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر و ڈپٹی اسپیکرغزالہ گولہ اورجنرل سیکرٹری زرینہ زہری نے پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر سردار عمرگورگیج کو بتایا کہ پیپلزپارٹی خواتین ونگ کوئٹہ سمیت پورے بلوچستان میں فعال اور منظم ہے اور خواتین ونگ کی صوبائی اورضلعی عہدیداران خواتین سے قریبی رابطے میں ہیں اور انکے مسائل حل کرنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں