کوئٹہ(این این آئی) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی اور حاجی عطاء محمد شمشوزئی نے کہا ہے کہ سرکاری دفاتر عوامی خدمت کے بجائے بدعنوانی اور رشوت خوری کی آماجگاہ بنتے جا رہے ہیں جس سے عام شہری شدید ذہنی اذیت اور مایوسی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری افسران عوام کے خادم ہیں ان پر مسلط ہونے یا انہیں اذیت دینے کے لیے نہیں بیٹھائے گئے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ بیشتر سرکاری دفاتر میں عوام کو بدانتظامی، رشوت ستانی اور کرپشن کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے جائز اور قانونی کاموں کے لیے ایک دفتر سے دوسرے دفتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں غریب شہریوں کو اکثر دفاتر میں ذلت، تضحیک اور بے جا رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ کوئٹہ کے شہری پہلے ہی پانی، بجلی، گیس، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں سرکاری دفاتر میں غیر ذمہ دارانہ اور عوام دشمن رویہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری دفاتر میں شفافیت، جوابدہی اور عوام دوست نظام کو یقینی بنایا جائے کرپٹ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور شہریوں کو عزت، سہولت اور انصاف پر مبنی خدمات فراہم کی جائیں۔

