کب، کہاں اور کس سکول میں پڑھائیں گے؟ وزیر تعلیم نے بڑا اعلان کردیا

جنید ریاض:پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سکولوں میں خود تدریس کا آغاز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ستمبر کے پہلے ہفتے سے باقاعدہ کلاسز پڑھانا شروع کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ انگلش اور کیمسٹری ان کے پسندیدہ مضامین ہیں اور وہ اپنی تدریسی سرگرمیوں کا آغاز انہی مضامین سے کریں گے۔

رانا سکندر حیات کے مطابق وہ پرائمری سکولوں میں انگلش جبکہ ہائی سکولوں میں کیمسٹری پڑھائیں گے، تاہم ان دونوں مضامین کے علاوہ دیگر مضامین کی بھی تدریس کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ہفتے کسی ایک سکول کا اچانک دورہ کرکے بغیر پیشگی اطلاع کے طلبہ کو پڑھائیں گے، اس حوالے سے کسی کو پہلے سے معلوم نہیں ہوگا کہ وہ کب اور کس سکول میں کلاس لینے پہنچ رہے ہیں۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ وہ اساتذہ کی عزت کرتے ہیں اور خود استاد بن کر طلبہ کو پڑھانے پر فخر محسوس کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے سکولوں میں تدریس کی ہدایت کا مقصد تعلیمی اداروں کے مسائل اور تدریسی معیار کا براہ راست جائزہ لینا ہے۔

رانا سکندر حیات کے مطابق اساتذہ اور طلبہ سے براہ راست رابطے کے ذریعے زمینی حقائق جاننے میں مدد ملے گی، جو تعلیمی اصلاحات کے عمل کو مزید مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس اقدام سے تعلیمی معیار کا عملی طور پر جائزہ لینے اور تدریس میں موجود کمزوریوں کی نشاندہی کرکے انہیں دور کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں