کوئٹہ: ضلع ہرنائی میں تعلیمی نظام کی بہتری، سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور بچوں کو معیاری تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ہرنائی ارشد حسین جمالی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ (DEG) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا بنیادی مقصد ضلع بھر کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینا، تدریسی عمل کو موثر بنانا اور تعلیمی شعبے کو درپیش چیلنجز کا عملی حل تلاش کرنا تھا۔
اس اہم اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور شعبہ تعلیم کے کلیدی حکام نے شرکت کی، جن میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہرنائی محمد سلیم ترین، اسسٹنٹ کمشنر کھوسٹ اسراراحمدشاھوانی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DEO) اور محکمہ تعلیم کے دیگر متعلقہ افسران شامل تھے ۔
اجلاس کے دوران ضلع بھر کے تمام پرائمری، مڈل اور ہائی سکولوں کے مختلف انتظامی و تدریسی امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران سکولوں میں اساتذہ اور دیگر عملے کی باقاعدہ حاضری کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ غیر حاضر اساتذہ کے خلاف بلا امتیاز قانونی و انتظامی کارروائی کی جائے گی تاکہ بچوں کا تعلیمی حرج نہ ہو۔ضلع کے تعلیمی اداروں میں پینے کے صاف پانی، واش رومز، فرنیچر اور عمارتوں کی مرمت و بحالی سے متعلق مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تعلیمی معیار کو جانچنے اور اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور تمام ڈپٹی و اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران کو سکولوں کے باقاعدگی سے سرپرائز وزٹس کا پابند کیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر ہرنائی نے تمام افسران کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہوتی ہے، لہٰذا تعلیمی امور میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ ضلع ہرنائی کے بچوں کا روشن مستقبل یقینی بنانے کے لیے ایک ٹیم کی صورت میں کام کریں اور تعلیمی اصلاحات پر مکمل اور روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنائیں۔

