کوئٹہ : ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں نوجوان نسل کو جدید تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے نمائندوں، تاجر برادری، صحافی برادری اور طلبا و طالبات نے شرکت کی۔شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ دور میں تعلیم ہی ترقی کی بنیاد ہے اور طلباء و طالبات کو بہتر ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اجلاس میں لائبریریز سے طلباء و طالبات کو سہولیات کی فراہمی پر بات چیت کی گئی اور ان کے حل کے لیے عملی تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس میں خضدار میں پہلے سے قائم ڈیجیٹل لائبریری خضدار اور نئی قائم شدہ عاشق عثمان لائبریری کے حوالے سے جامع مشاورت کی گئی۔
اس نشست کا مقصد یہ تھا کہ طلباء و طالبات کو ایک محفوظ اور سازگار ماحول میں تعلیم اور علم تک رسائی کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنی استعداد کار میں اضافہ کر سکیں اور تعلیمی میدان میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔
شرکاء نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف طلباء وطالبات کو پڑھائی کے لیے مناسب جگہ ملے گی بلکہ ان میں مطالعہ کا شوق بھی بڑھے گا۔ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی مفاہمت، تعاون اور مشاورت کے ذریعے ہی طلباء کو حقیقی معنوں میں مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں لائبریریز کو ضروری لوازمات سے آراستہ کیا گیا ہے ۔

