وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے جیو نیوز کے اینکر پرسن شہزاد اقبال کے سوال پربرا مناتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی ٹریننگ اسی طرح ہوئی ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں کو برا دکھانے میں لگے رہتے ہیں۔
ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک دوسرے پر سنگین الزامات لگائے گئے جس پر جیو نیوز کے اینکر شہزاد اقبال نے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ سے سوال کیا تو وہ برا مان گئے۔
شہزاد اقبال نے سوال کیا کہ پیپلز پارٹی پر کرپشن کا الزام سنجیدہ ہے یا صرف سیاسی بیان؟ اس پر رانا ثنا نے کہا کہ آپ کو اس بارے میں مجھ سے کچھ پوچھنے کا حق نہیں ہے، یہ معاملہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ میڈیا کی ٹریننگ اسی طرح ہوئی ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں کو برا دکھانے میں لگے رہتے ہیں۔
شہزاد اقبال نے سوال کیا کہ ایک ذمہ دار وزیر الزام لگائے کہ پاکستان کے 3000 ارب روپے کرپشن کرکے دبئی لے جائے گئے تو میڈیا پھر بھی سوال نہ اٹھائے جس پر رانا ثنا اللہ نے کہا اس کی انکوائری ہوگی تو پھر وہ جواب دیں گے۔

