کوئٹہ: محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ حکومت بلوچستان، بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز)، اسٹرینتھننگ پارٹیسپیٹری آرگنائزیشن اور اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایف پی اے کے اشتراک سے ’پروونشل میڈیا فیلوشپ پروگرام‘کی افتتاحی تقریب بیوٹمز کے پنک ہال میں منعقد ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ سائرہ عطا نے کہا کہ میڈیا معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کا مثر ذریعہ ہے، جبکہ صنفی بنیاد پر تشدد، کم عمری کی شادی اور خواتین و بچوں سے متعلق حساس معاملات کی ذمہ دارانہ رپورٹنگ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان خواتین کے حقوق کے تحفظ، انہیں بااختیار بنانے اور محفوظ معاشرے کی تشکیل کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا فیلوشپ پروگرام کے ذریعے صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا، جس سے وہ حقائق پر مبنی، متوازن اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے ذریعے عوام میں شعور اجاگر کرنے میں مثر کردار ادا کر سکیں گے۔وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعات صرف تعلیم تک محدود نہیں بلکہ معاشرتی بہتری اور قومی ترقی میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیوٹمز نوجوان صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کو جدید تحقیق، تربیت اور عملی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ، سماجی انصاف اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے اس مشترکہ اقدام کو بلوچستان میں صحافت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ بیوٹمز میں بی ایس فرانزک سائنسز اور بی ایس پبلک ہیلتھ کے نئے پروگرام بھی شروع کر دیے گئے ہیں۔ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سعید شاہوانی نے بھی خطاب کرتے ہوئے میڈیا کے کردار اور اس کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔تقریب میں سرکاری حکام، میڈیا نمائندوں، اساتذہ، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

