اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے اسلام آباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹریز کے وفد نے پیر کو ملاقات کی۔ ترجمان وزارت تجارت کے مطابق ملاقات میں ایس ایم ایز، ٹیکس اصلاحات، صنعتی انفراسٹرکچر اور کاروباری آسانیوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ حکومت ایس ایم ایز کے فروغ اور صنعت کاری کے لیے کاروبار دوست ماحول فراہم کرے گی،غیر ضروری ریگولیٹری رکاوٹیں ختم، کاروباری عمل کو مزید آسان بنایا جائے گا۔ جام کمال نے کہا کہ کاروبار کی رجسٹریشن کا نظام آسان اور سہل بنایا جا رہا ہے، ٹیکس نیٹ میں توسیع نئے کاروباروں کی دستاویزی شمولیت سے ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی نئی ایس ایم ای تعریف کاروباری شعبے کے لیے اہم پیش رفت ہے۔اسلام آباد میں جدید چھوٹے صنعتی زونز کے قیام کی تجویز زیر غور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کے لیے صنعتی سٹیٹس پیداوار، روزگار اور برآمدات میں اضافہ کریں گے۔ جام کمال نے کہا کہ فوڈ انڈسٹری اور ای کامرس پاکستان کی معیشت کے تیزی سے ابھرتے شعبے ہیں۔اسلام آباد میں جدید سلاٹر ہاؤس کے قیام سے حلال گوشت کی برآمدات کو فروغ ملے گا۔لائیو اسٹاک ویلیو چین میں ویلیو ایڈیشن سے قومی معیشت کو نمایاں فائدہ ہوگا۔ وزیر تجارت نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر نے چھوٹے تاجروں اور صنعتوں کے لیے 100 ایکڑ پر خصوصی اکنامک زون قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔100 ایکڑ پر ایس ایم ای اسپیشل اکنامک زون کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہیں، اس حوالے سے قابلِ عمل منصوبہ پیش کریں، حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔

