تعلیم کا فروغ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حاجی محمد خان طور اتمانخیل

کوئٹہ : رکن صوبائی اسمبلی حاجی محمد خان طور اتمانخیل نے کہا ہے کہ تعلیم کا فروغ ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، ضلع کے طلبہ کو جدید اور بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سولر سسٹم کی تنصیب سے نہ صرف بجلی کی مسلسل فراہمی ممکن ہوگی بلکہ تعلیمی اداروں کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی اور ماحول دوست توانائی کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ ضلع لورالائی کو ترقی کے لحاظ سے بلوچستان کا ایک مثالی اور ماڈل ضلع بنایا جائے، عوام سے انتخابی مہم کے دوران کئے گئے تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنانا ان کی اولین ذمہ داری ہے اور ہر ترقیاتی منصوبے کو بروقت مکمل کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی، صحت کے شعبے کی بہتری، بجلی کی فراہمی، پینے کے صاف پانی کے منصوبوں، تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے متعدد منصوبوں پر پیش رفت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان ترقیاتی فرق کو کم کرنے کے لیے نئی سکیمیں بھی صوبائی ترقیاتی پروگرام میں شامل کی جا رہی ہیں تاکہ تمام علاقوں کے عوام یکساں طور پر ترقیاتی ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترقیاتی فنڈز کے شفاف استعمال، منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید فلاحی اور ترقیاتی منصوبے بھی متعارف کرائے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسی کے مطابق عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، معیارِ زندگی میں بہتری اور نوجوانوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنا ہی حقیقی ترقی کا معیار ہے۔علاقے کے عوام اور تعلیمی حلقوں نے سرکاری اسکولوں میں سولر سسٹم کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آئے گا بلکہ ضلع میں جاری دیگر ترقیاتی منصوبے بھی بروقت مکمل ہو کر عوامی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں