وزیراعظم، فیلڈ مارشل سے کویتی وزیر خارجہ کی ملاقات، خلیجی ممالک پر حملوں کی شدید مذمت

وزیراعظم شہباز شریف سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کویت کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا اور خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت بھی کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں علاقائی صورت حال، باہمی دلچسپی کے امور اور مستقبل میں اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا، اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرائے دفاع، تجارت، قومی غذائی تحفظ و تحقیق، مواصلات، بحری امور اور پیٹرولیم، وزیراعظم کے مشیر اور حکومت کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کویتی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا اور امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان مشترکہ اقدار اور باہمی اعتماد پر استوار دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک نے ہر مشکل اور ہر خوشی کے موقع پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کویت کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یک جہتی کا اعادہ کیا اور جاری تنازع کے دوران کویت اور دیگر برادر خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک دیانت دار اور مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور ان کوششوں کی حمایت پر کویتی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بحری امور اور افرادی قوت کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں کویت کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاکستانی برادری کی فراخ دلانہ میزبانی پر کویتی حکومت کو سراہتے ہوئے کویت کی سماجی و معاشی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے قیمتی کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے وزیراعظم کو کویتی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے کویت کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے موجودہ بحران کے حل اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ میں پاکستان،بالخصوص وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو سراہا۔

کویتی وزیر خارجہ نے مشکل حالات میں کویت کے ساتھ یک جہتی اور غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کی قیادت اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، خصوصاً دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں، مسلسل مشاورت اور قریبی روابط کی اہمیت پر زور دیا اور اتفاق کیا کہ ان امور پر پیش رفت کے لیے مستقبل قریب میں اعلیٰ سطح کے وفود کا تبادلہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ایک بار پھر کویت کے ولی عہد کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

کویتی وزیرخارجہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات

دریں اثنا فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے ملاقات کی جہاں دوطرفہ تعاون اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال اور برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کےمطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے پاکستان میں متعین کویتی سفیر ناصر عبدالرحمان جے المطیری کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔

بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر کویت کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کویتی وزیر خارجہ نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت، علاقائی امن و استحکام کے لیے تعمیری کردار اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو سراہا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کویت کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک علاقائی امن اور خوش حالی کے حوالے سے مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں