وزیراعظم شہباز شریف کا کوئلے کی کان کے حادثہ میں مزدوروں کی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوئٹہ کے نواحی علاقے سورنج میں کوئلے کی کان میں پیش آنے والے المناک حادثہ میں مزدوروں کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جمعہ کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت ، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کان میں پھنسے تمام مزدوروں تک جلد از جلد رسائی کو یقینی بنایا جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔صدرِ مملکت نے اس امر پر زور دیا کہ کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی تعمیر و ترقی میں محنت کش طبقے کا کردار قابلِ قدر ہے اور ان کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔

جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے سورنج میں کوئلے کی کان میں گیس بھرجانے کےباعث ہونے والا حادثہ نہایت افسوسناک ہے۔ وزیراعظم نے پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو امدادی کاروائیوں کو موثر اور مستعد انداز میں جاری رکھنے اور تمام زخمیوں کے بروقت ریسکیو اور علاج کے لئے خصوصی انتظامات یقینی بنانے اور متاثرہ مزدوروں کے ریسکیو اور ریلیف تک ریسکیو آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے نےجاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا بھی کی۔وزیراعظم نے کوئلہ کی کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی جانوں کو محفوظ بنانے کے لئے مستقل حفاظتی اقدامات اٹھانے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں