اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں برتری پر وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کامیابی کا یہ تسلسل قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی پوری ٹیم کی محنت کا ثمر ہے ۔
انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی ٹیم نے آزاد جموں و کشمیر میں انتہائی کامیاب انتخابی مہم چلائی ۔ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی آزاد جموں و کشمیر کے عوام کا مسلم لیگ ن کی پالیسیوں پر اعتماد کا ثبوت ہیں ۔
شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی ترقی و خوشحالی اور وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں سیاسی جماعتوں نے بھرپور حصہ لیا جس سے جمہوری عمل مزید مضبوط ہو گا ۔

