تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے زیراہتمام جمعہ کو ہیڈکوارٹر مکتب تشیع تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے اعلان پربرادر اسلامی ملک ایران پر اسرائیلی استعماری جارحیت کے خلاف یکجہتی کا اظہار کیا گیا

کوئٹہ(این این آئی)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے زیراہتمام جمعہ کو ہیڈکوارٹر مکتب تشیع تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے اعلان پربرادر اسلامی ملک ایران پر اسرائیلی استعماری جارحیت کے خلاف یکجہتی کا اظہار کیا گیااور بلوچستان بھر میں صیہونی بدمعاشی اور حملے کی مذمت کی جارہی ہے۔کوئٹہ میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات و لسان تحریک طارق احمد جعفری نے کہا کہ مسلمان مسلمان کا بھائی ہے اور اخوت اسلامی پیغمبر اسلام کی تعلیمات کا سنہرا نظریہ ہے اسی بھائی چارے اور اخوت کو دنیاے ظلم و بربریت ختم کرنا چاہتی ہے جسے زندہ کرنا ہر مسلمان کا فرض اولین ہے اسی فکر وفلسفہ کو قاید ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے ہمیشہ تقویت پہنچائی کہ کسی ایک مسلم ملک پر حملے اور جارحیت کو عالم اسلام پر حملہ اور جارحیت تصور کیا جائے لیکن شومی قسمت کہ گذشتہ تین دہائیوں سے ایک کے بعد ایک مسلم ملک کی اینٹ سے اینٹ بجائی جاتی رہی لیکن مسلم ممالک اور حکمرانوں نے اخوت اسلامی کے نظریہ کو زندہ نہ کیا اور عرب و عجم میں بٹے رہے، کاش افغانستان و عراق پر استعماری یلغار کے وقت اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا جاتا اور او آیی سی کو فعال اور موثر بنایا جاتا تو آج نہ غذہ میں نسل کشی ہوتی اور فلسطینی مظلوم عوام خاک و خون میں غلطاں ہوتی۔ آج امریکہ کی ناجائز اولادوں نے سرزمین امام رضا اور معصومہ قم پر حملہ کیا اور اسلامی انقلاب کو ناکام بنانے اور رجیم چینج کی مذموم کوشش کی لیکن غیور ایرانی قوم نے اسرائیلی جارحیت کا دندان شکن جواب دے کر ان کے گھناؤنے منصوبہ کو خاک میں ملا دیا ہے۔ اور ثابت کر دیا ہے کہ علی والے کسی یہودی مرحب سے خوفزدہ نہیں ہوتے اور نہ کربلا کے پیروکار کسی یزید وقت سے گھبراتے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ ایران کی میزائل ٹیکنالوجی نے باطل کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں اس کے پیچھے ایک قوت اور جذبہ کارفرما ہے جسے حسینیت کہتے ہیں دنیا یاد رکھے کہ جو قوم اپنے میزائل داغنے سے پہلے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے توسل کرتے نظر آتے ہیں انہیں دنیا کا کو استعماری گماشتہ زیر نہیں کر سکتا، توسل حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے ثابت کردیا ہے کہ ایران میں آیت اللہ خمینی کا اسلامی انقلاب زندہ ہے اور طاغوت مردہ باد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ایران، غزہ، یمن، کشمیر سمیت تمام مظلومینِ جہان سے اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں تاکہ مظلوم کی حمایت ہو اور ظالم سے نفرت و بیزاری ہو۔ انہوں نے کہا کہ آیے عہد کریں کہ دہشتگردی کے خاتمے، قومی اتحاد و یکجہتی، دشمنانِ اسلام کی سازشوں کی ناکامی، وطنِ عزیز کے استحکام اور ترقی و سلامتی کیلئے اخوت اسلامی پر کاربند رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں