اوتھل (این این آئی)5 اگست یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اوتھل آفتاب احمد لاسی کی قیادت میں لسبیلہ کے ہیڈکوارٹر اوتھل میں ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سرکاری افسران، بلدیاتی نمائندوں، سماجی شخصیات اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر اوتھل آفتاب احمد لاسی اور چئیرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ کاظمی و دیگر مقررین نے کہا کہ 5 اگست جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، جب بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، سیاسی کارکنوں کی گرفتاریاں، اظہارِ رائے پر پابندیاں اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو طاقت کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔مقررین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک بین الاقوامی تنازع ہے، جس کا منصفانہ حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (OIC) اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور مسئلے کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ریلی میں پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول اوتھل محمد سلیم، چیئرمین میونسپل کمیٹی اوتھل سید سومار شاہ کاظمی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اوتھل حاجی محمد خان دودا، وائس چیئرمین محمد وسیم خاصخیلی، سردارزادہ غلام مصطفیٰ شیخ، شہزاد حیدر، حبیب اللہ شیخ، عبدالحکیم دودا، امام بخش سیماب، عامر شہزاد اور دیگر شخصیات سمیت طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی.

