کوئٹہ(این این آئی)بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے غیرت مند اور مظلوم عوام کے ساتھ کامل یکجہتی کے اظہار کے لیے قومی احتساب بیورو (بلوچستان)میں یومِ استحصالِ کشمیر نہایت احترام اور عزم کے ساتھ منایا گیا۔یہ دن ہر سال کے طور پر منایا جاتا ہے تاکہ 5 اگست 2019 کو بھارتی حکومت کے ان یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا جا سکے، جن کے تحت آئین کی دفعات 370 اور-A 35کو ختم کر کے مقبوضہ وادی کی خصوصی آئینی حیثیت سلب کرنے اور اس پر غاصبانہ قبضہ جمانے کی کوشش کی گئی تھی۔ چیئرمین نیب کی ہدایت پر منعقدہ اس تقریب کی صدارت ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان، جناب نیاز حسن نے کی، جبکہ تقریب میں تمام افسران اور عملے نے شرکت کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز صبح9بجے کشمیری شہداء اور عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی سے ہوا۔ اس موقع پر شرکاء نے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہر قدم پر شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا اور آزادیِ کشمیر تک ان کی حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔

