اسلام آباد+کوئٹہ (این این آئی)ایران اور پاکستان نے جلد از جلد آزاد تجارتی معاہدہ کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا ہے یہ فیصلہ گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والی دسویں پاک۔ایران مشترکہ تجارتی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جہاں دونوں ممالک نے باہمی تجارت کو 10ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ایوان صنعت و تجارت کو ئٹہ بلو چستان کے صدر حاجی محمد ایوب مر یا نی و دیگر نے پا ک ایرا ن فری ٹریڈ ایگرمنٹ (FTA)کو دونوں مما لک کی بزنس کمیونٹی کے لئے امید کی کرن قرار دیتے ہو ئے کہا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ ایوان صنعت و تجارت کو ئٹہ بلو چستان کے ایک دیرینہ مطا لبے پر عمل درآمد کا آغاز ہو گیا ہے اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کو ئٹہ بلو چستان نے صوبے کی تجارت پیشہ افراد کی آواز بن کر ہر فورم پر صدائے حق بلند کی تھی بلکہ اسے جوائنٹ بارڈر کمیٹی کے ایجنڈے میں بھی شامل کیا اس معاہدے سے پا ک ایران تجارتی تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچیں گے، انہوں نے کہا کہ آزاد تجارتی معاہدہ صرف ایک اقتصادی پیش رفت نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون کی علامت بھی سمجھا جا رہا ہے۔ معاہدے میں سرحدی منڈیوں، بارٹر ٹریڈ اور زرعی تجارت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔ ہمیں امید ہے کہ معاہدے کے تمام معاملات کو جلدمکمل کر کے اس پر دستخط کئے جا ئیں گے اس معاہدے سے دونوں برا در اسلامی مما لک کو معاشی فوائد ملیں گے بلکہ بزنس کمیونٹی اور عوام بھی خوشحال ہو گے،انہوں نے کہا کہ چیمبر آ ف کامرس نے صو بے کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ کیا گیا ایک اور وعدہ وفا کر دیا ہے۔ واضح رہے گزشتہ روز اسلام آ باد میں 3روز تک جا ری رہے والے پا ک ایران جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی اجلاس کے اختتام پر وفا قی وزیر تجارت جام کمال خان اور ایران کے وزیر صنعت، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک نے متفقہ اعلامیے پر دستخط کیے۔ حکام کاکہنا تھا کہ 10ارب ڈالر کے باہمی تجارتی اہداف کے حصول کے لیے عملی اقدامات تیز کیے جائیں گے اجلاس میں دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات تیز کرنے پر اتفاق کیا بلکہ مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے کے لیے(Rules of Origin)اور ٹیرف میں کمی کے طریقہ کار پر بھی نمایاں پیش رفت ہوئی۔اس کے علاوہ، دونوں فریقوں نے کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور سرحد پار تجارت کو آسان بنانے کے لیے بارٹر ٹریڈ (اشیا کے بدلے اشیا کی تجارت)کے نظام کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے ٹریڈ کمیٹی کے اجلاس میں آزاد تجارتی معاہدے کے قواعد و ضوابط اور ٹیرف میں کمی کے طریقہ کار پر نمایاں پیش رفت ہوئی اوردونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔اجلاس میں کاروباری اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور بارٹر ٹریڈ(اشیا کے بدلے اشیا کی تجارت)کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔چیدگی۔کوہک سرحدی بازار کی جلد تکمیل پر اتفاق کیا گیا تاکہ سرحدی تجارت کو وسعت دی جا سکے اس کے علا وہ سرحدی منڈیوں کے موثر انتظام کے لیے مشترکہ کمیٹیاں قائم کر نے اور زرعی اور باغبانی کی مصنوعات کی تجارت میں اضافے پر بھی اتفاق ہوا۔یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

