پشین (این این آئی) پشتونخو املی عوامی پارٹی ضلع پشین کے ضلع کمیٹی کا اجلاس ضلع سیکرٹری عمرخان ترین کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی، تحصیلوں کے صدور نے تنظیمی سیاسی رپورٹس پیش کی جس پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے اس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں تنظیمی سیاسی فعالیت پرتفصیلی بحث و مباحثہ کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ضلع پشین میں پارٹی کو مزید منظم،فعال و وسیع بناکر عوام کو پارٹی صفوں میں شامل کیا جائیگا اور تمام ذیلی اداروں کے بروقت اجلاسوں کا انعقاد کیا جائیگا۔ اجلاس سے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سردار امجدخان ترین اور ضلع سیکرٹری عمرخان ترین نے خطاب کرتے ہوئے صوبے بالخصوص ضلع پشین کی موجودہ سنگین صورتحال، امن و امان کی خراب حالت، معاشی مشکلات، بے روزگاری، مہنگائی، بدامنی اور روزمرہ کی زندگی میں عوام کو درپیش مسائل پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے چیئرمین ملی مشر محمودخان اچکزئی کی جانب سے اگست کوئٹہ میں منعقد ہونے والا جرگہ کا خیر مقدم کرتے ہیں اس جرگہ کے ہمارے عوام اور وطن پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ ضلع پشین میں عوام کی خدمت کو جاری رکھتے ہوئے اپنے تنظیمی فعالیت کو بھی تیز کرے۔ انہوں نے کہا کہ پشین اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں میں امن و امان کی صورتحال تشویش کا باعث ہے۔ بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے لوگوں کے دلوں میں خوف پیدا کر دیا ہے۔ شہری اپنے گھروں، بازاروں اور سفر کے دوران خود کو محفوظ تصور نہیں کرتے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اگر شہری اپنی جان، عزت اور مال کے بارے میں غیر محفوظ محسوس کریں تو یہ حکومتی کارکردگی پر ایک اہم سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور سنگین مسئلہ پانی کی مسلسل گرتی ہوئی سطح ہے۔ زیرِ زمین پانی کی کمی نے زراعت، مویشی پالنے اور روزمرہ زندگی کو شدید متاثرکررہا ہے۔ اگر بروقت مؤثر منصوبہ بندی نہ کی گئی تو آنے والے برسوں میں پانی کا بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے۔ اس کے لیے آبی ذخائر، بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کیلئے ڈیمز کی تعمیر لازمی ہے۔ اور عوام نے بھی پانی کا استعمال انتہائی احتیاط سے کرنا ہوگا۔

