سیوی(رپورٹر)محکمہ اسپورٹس اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول آخری مراحل میں داخل ہوگیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی اور صوبائی وزیر محکمہ کھیل محترمہ مینا مجید کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اسپورٹس سیوی کی جانب سے جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار فائنل میچ پی سی بی گراؤنڈ سیوی میں کھیلا گیا فائنل میچ کے مہمان خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ اسپورٹس رخشان ڈویژن محمد ایاز داجلی تھے، جبکہ میچ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ اسپورٹس سیوی رحیم بخش جوئیہ اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر بابر خان خجک کی نگرانی میں کھیلا گیا فائنل میں سبی گرین اور سبی بلیو کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملا سبی گرین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 8 اوورز میں 51 رنز بنائے اور سبی بلیو کو جیت کے لیے 52 رنز کا ہدف دیا سبی بلیو نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف صرف 7 اوورز میں حاصل کرکے فائنل اپنے نام کرلیا اور جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم بن گئی فائنل میچ میں کمنٹری کے فرائض خد ا داد چانڈیو نے سرانجام دیے، جبکہ محمد بخش راجہ نے امپائر کے فرائض انجام دیے۔ میچ دیکھنے کے لیے سینئر کلرک محکمہ اسپورٹس سیوی محمد قیوم جمالی، خدا بخش سیلاچی، اللہ داد کھوسو، اعجاز رند، طارق سیلاچی، شاہد اقبال سمیت شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد پی سی بی گراؤنڈ میں موجود تھی میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی محمد ایاز داجلی نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے معروف اسپورٹس دوست خدا بخش سیلاچی نے دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر اپنی جانب سے دونوں ٹیموں کو ٹی پارٹی کے لیے دو، دو ہزار روپے نقد بھی دیے اس موقع پر کھلاڑیوں نے جشن آزادی اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی، صوبائی وزیر کھیل محترمہ مینا مجید، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اسپورٹس سیوی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی ایسی سرگرمیوں سے نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع میسر آتے ہیں۔ کھلاڑیوں نے اسپورٹس فیسٹیول کے کامیاب انعقاد اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی پر حکومت بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی کھیلوں کے مزید مواقع فراہم کرنے کی امید ظاہر کی

