روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم نرخوں کا تعین، پٹرولیم ڈیلرز دو گروپوں میں تقسیم

لاہور: روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا معاملہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا، پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن دو گروپوں میں تقسیم ہوگئی، ایک گروپ نے ہفتے کو ہڑتال کا اعلان کیا دوسرے گروپ نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین اور مارجن بڑھانے پر پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن دو گروپوں میں تقسیم ہوگئی، چئیرمین ملک خدا بخش نے 15 اگست سے ہڑتال کا اعلان کردیا اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ساتھ ہیں جبکہ سینٹرل پنجاب اور کے پی کے سمیت پٹرول پمپس اونر ایسوسی ایشن نے ہڑتال نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور نہ ہی گڈز ٹرانسپورٹرز کا ساتھ دیا بلکہ مکمل خاموشی اختیار کرلی۔

پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن پنجاب اور کے پی کے نے اپنے مرکزی رہنماؤں کی ہڑتال پر ساتھ نہ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ ان سے اس بارے میں کوئی اجلاس اور نہ ہی کوئی مشاورت کی گئی کہ ہڑتال کب تک ہے کسی بھی معاملے پر بات چیت نہیں کی گئی بلکہ اچانک اعلان کردیا، ہڑتال ایسے نہیں ہوتی سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے۔

ملک خدا بخش نے ایکسپریس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مشاورت کرنا کمیٹی کا کام ہوتا ہے چئیرمین کا نہیں، یہ ہونہیں سکتا کہ مشاورت نہ کی گئی ہو، ہم اپنے فیصلے پر قائم ہیں ہفتے کو ہڑتال ہوگی ہاں اس سے قبل کو ئی راستہ نکل آیا یا حکومت نے تحریری کو بات کی تو کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں