راولپنڈی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ تمام ارکان اسمبلی اور رہنما آج رات کی تیاری کریں، 10 بجے پورے پاکستان کے ہر چوک کو ڈی چوک بنائیں گے، تمام کارکنان رات10 بجے پاکستان اور پی ٹی آئی کے پرچم لے کر چوک اور چوراہوں میں نکل آئیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلی سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملنے کے اڈیالہ روڈ پہنچے، راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ روڈ سے رکاوٹیں ہٹا دیں۔
فیکٹری ناکے پر وزیراعلی کے پی سہیل آفریدی نے ایس ایچ او صدر بیرونی سے پوچھا کہ کیا پیغام لائے ہو۔ وزیراعلیٰ نے سادہ کپڑوں میں موجود ایک شخص کی موجودگی پر پوچھا کہ آپ بھی ایس ایچ او ہیں یہ بھی ہیں،؟ انہوں نے سادہ لباس شخص سے پوچھا کہ آپ بریگیڈیئر ہیں، کرنل ہیں یا میجر ہیں؟ اس پر سادہ لباس شخص نے جواب دیا کہ میں صحافی ہوں۔
ایک صحافی نے پوچھا کہ ملاقات کا چانس نظر نہیں آرہا، پولیس کا جواب تو نہیں آیا، آپ بیٹھیں گے یا جائیں گے؟ اس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملاقات کا جب تک وقت ہے انتظار کریں گے، اس کے بعد تمام ایم پی ایز، پارلیمینٹرینز اور عہدے داروں کو کہا ہے 10 بجے کی تیاری کریں، 10 بجے پورے پاکستان کے ہر چوک کو ڈی چوک بنائیں گے، تمام کارکنان رات10 بجے پاکستان اور پی ٹی آئی کے پرچم لے کر چوک اور چوراہوں میں نکل آئیں۔
ایک صحافی نے پوچھا کہ آپ 10 ہزار بندے جمع نہیں کر سکتے دو لاکھ بندوں کا کہہ دیا؟اس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ کون ہیں؟ کس چینل سے ہیں؟ سامنے آئیں، صحافی نے کہا میں ڈیجیٹل میڈیا سے ہوں اس پر وزیراعلیٰ نے کہا میں جواب نہیں دیتا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2022ء سے بانی اور ان کی جماعت کے ساتھ روا رکھا گیا رویہ غلط ہے، پورے پاکستان کو ضد اور انا میں تباہی کی جانب لے جایا جا رہا ہے، نظام تباہ ہو چکا، اس نظام کو لانے والے اسے تباہی کے ذمہ دار ہیں کارکنوں کو ہدایت ہے کہ وہ اپنا فوکس 27 ستمبر کے مارچ پر رکھیں۔
انہوں ںے کہا کہ 27 ستمبر کی کال ان کے لئے ڈراؤنا خواب بن چکی ہے، گزشتہ روز خیبر میں عوام کا سمندر نکلا، باقی اضلاع میں بھی جائیں گے، ہم نے کہا ہے 27 ستمبر کو 20 لاکھ لوگ اسلام آباد لائیں گے اس سے زیادہ لائیں گے اگر یہ حالات ٹھیک کرنا چاہتے ہیں تو 28 ستمبر سے پہلے ہماری ملاقات کروائیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ باقی سیاسی جماعتیں ملک سے مخلص نہیں، حکومتی وزیر کہہ رہا ہے کہ سسٹم کولیپس کر چکا ہے۔

