اسلام آباد ( رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما ، ترجمان صدر آصف علی زرداری و سینئر صوبائی نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان میر علی حسن زہری زہری نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم بالخصوص بلوچستان کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت اور ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے، اس نعمت کی قدر کرنا اور پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ میر علی حسن زہری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 14 اگست ہمیں اس تاریخی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جس کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں نے ایک آزاد وطن حاصل کیا۔ پاکستان صرف ایک جغرافیائی خطہ نہیں بلکہ ہمارے خوابوں، ہماری امیدوں، ہماری شناخت اور ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کا نام ہے۔ ہمیں اپنی آزادی کی قدر کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کرنا ہوگی کہ ہم پاکستان کی وحدت، سلامتی اور استحکام کے لیے ہمیشہ متحد اور یکجا رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وطن سے محبت صرف نعروں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس کا عملی اظہار ایمانداری، محنت، دیانت، قانون کی پاسداری، تعلیم، خدمتِ خلق اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے سے ہوتا ہے۔ آج ہمیں بحیثیت قوم اپنے اختلافات اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر پاکستان کے وسیع تر مفاد کو مقدم رکھنا ہوگا۔ میر علی حسن زہری نے بلوچستان کے ناراض نوجوانوں کے نام خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور ملک کے روشن مستقبل کی امید ہیں۔ جو نوجوان کسی بھی وجہ سے مایوسی، محرومی یا غلط فہمی کا شکار ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ دشمن عناصر کے جھوٹے پروپیگنڈے اور منفی عزائم کے چنگل سے نکلیں، اپنے وطن کو پہچانیں اور اپنی صلاحیتوں کو پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی عناصر اور پاکستان دشمن قوتیں ہمارے نوجوانوں کو گمراہ کرکے انہیں ان کے اپنے وطن اور قوم سے دور کرنے کی کوششیں کرتی ہیں، لیکن بلوچستان کے باشعور نوجوان اپنے تدبر، حب الوطنی اور مثبت کردار سے دشمن کے تمام عزائم ناکام بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تشدد، نفرت اور انتشار کے بجائے تعلیم، ہنر، تحقیق، کاروبار، روزگار اور قومی خدمت کا راستہ اختیار کریں اور دنیا کو بتائیں کہ بلوچستان کے نوجوان پاکستان کی تعمیر کے سپاہی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ کے بہادر جوان اور افسران مشکل ترین حالات میں دن رات وطن کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں اور قوم ان کی بے مثال خدمات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے لیے مسلح افواج کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ میر علی حسن زہری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ملک کی تمام سیکیورٹی فورسز، بشمول پولیس، فرنٹیئر کور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں اور افسران کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری سیکیورٹی فورسز نے بے مثال بہادری، عزم اور قربانی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ بہادر جوان وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہیں اور قوم ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے والے قائدین، کارکنوں، بزرگوں، ماؤں، بہنوں اور نوجوانوں سمیت ان تمام عظیم لوگوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزادی کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔ ہم ان شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے قیامِ پاکستان کے بعد اس آزاد وطن کی بقا، سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ قومیں صرف آزادی حاصل کرکے عظیم نہیں بنتیں بلکہ آزادی کی حفاظت، قومی اتحاد، قانون کی حکمرانی، تعلیم، معاشی ترقی اور اجتماعی کردار سے اپنی عظمت برقرار رکھتی ہیں۔ ہمیں پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال، پرامن اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ آج 14 اگست کے موقع پر ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم نفرت کے بجائے محبت، انتشار کے بجائے اتحاد، مایوسی کے بجائے امید اور تخریب کے بجائے تعمیر کا راستہ اختیار کریں گے۔ ہم پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک قوم بن کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ اس وقت حقیقی معنوں میں بامعنی ہوگا جب ہر پاکستانی اپنے حصے کی ذمہ داری پوری کرے گا، اپنے وطن سے وفاداری کا عملی ثبوت دے گا اور پاکستان کی ترقی کے سفر میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ آخر میں میر علی حسن زہری نے پوری قوم کو 79ویں یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئیے آج ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ پاکستان ہماری پہلی ترجیح ہے، اس کی سلامتی ہماری ذمہ داری ہے، اس کی ترقی ہمارا مقصد ہے اور اس کا روشن مستقبل ہماری مشترکہ منزل ہے۔ ہم متحد تھے، متحد ہیں اور متحد ہو کر پاکستان کو مزید مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ بنائیں گے۔

