’میرے گانے اپنے غلط کاموں کیلئے استعمال نہ کریں‘، آریانا گرانڈے ٹرمپ کی ٹیم پر برس پڑیں

امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کو ان کے گانے استعمال کرنے سے سختی سے منا کر دیا۔

ٹرمپ کی آفیشل ٹیم کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر کچھ دن قبل ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں آریانا گرانڈے کا مقبول گانا ’وی کانٹ بی فرینڈز‘ استعمال کیا گیا۔

اس ویڈیو کو گانے کے ایک وائرل ٹرینڈ کے انداز میں تیار کیا گیا جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک ریلی کے دوران اسٹیج کی جانب جاتے دکھایا گیا۔ ویڈیو میں ٹرانس جینڈر افراد اور خواتین کے کھیلوں سے متعلق ایک سیاسی پیغام بھی شامل کیا گیا۔

آریانا گرانڈے نے مذکورہ ٹک ٹاک ویڈیو پر براہ راست کامنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’میری موسیقی دوبارہ کبھی استعمال نہ کریں، اور آپ جسے سچ کہہ رہے ہیں وہ غلط ہے۔‘‘

بعد ازاں ان کا یہ کمنٹ ویڈیو پر نظر نہیں آیا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب آریانا گرانڈے نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اپنے گانوں کے استعمال پر اعتراض کیا ہو۔ رواں برس جون میں وائٹ ہاؤس کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ نے امیگریشن کریک ڈاؤن سے متعلق ایک ویڈیو میں ان کا گانا ’’بائے‘‘ استعمال کیا تھا۔

اس وقت بھی گلوکارہ نے شدید اعتراض کرتے ہوئے اپنی موسیقی کو ایسی پالیسیوں سے منسلک نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد مذکورہ ویڈیو میں گانے کی آواز میوٹ کر دی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں