فیشن کی دنیا میں نت نئے اور حیران کن رجحانات سامنے آتے رہتے ہیں لیکن معروف فیشن برینڈ ’شینیل‘ کی نئی سینڈلز نے جوتے کے تصور کو ہی بدل کر رکھ دیا ہے۔
اداکارہ مارگریٹ کوالی لندن میں اپنی فلم ’دی ڈاگ اسٹارز‘ کے پریمیئر میں ایسی سینڈلز پہن کر پہنچیں جو پہلی نظر میں دکھائی ہی نہیں دیتیں اور دیکھنے والے کو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے اداکارہ ننگے پاؤں ریڈ کارپٹ پر آگئی ہوں۔
آخر ’نیکڈ سینڈلز‘ ہیں کیا؟
شینیل کی ان منفرد سینڈلز کو نیکڈ سینڈلز کہا جا رہا ہے۔ ان کا ڈیزائن عام جوتوں سے بالکل مختلف ہے کیونکہ یہ پاؤں کو ڈھانپنے کے بجائے بنیادی طور پر ٹخنے کے گرد نظر آتی ہیں جبکہ پاؤں کا بیشتر اور آگے والا حصہ کھلا رہتا ہے۔
سامنے سے لی گئی مارگریٹ کوالی کی کئی تصاویر میں یہ اندازہ لگانا بھی مشکل ہے کہ انہوں نے کوئی سینڈلز پہن رکھی بھی ہیں یا نہیں۔
سوشل میڈیا کو فیشن کچھ خاص پسند نہ آیا
مارگریٹ کوالی کے ریڈ کارپٹ پر یہ سینڈلز پہننے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر بحث چھڑ گئی جہاں بعض صارفین نے اس نئے فیشن کو دلچسپ تو کچھ نے انتہائی غیر عملی قرار دیا۔

