سیوی(نامہ نگار) پاکستان گرل گائیڈ ایسوسی ایشن بلوچستان کے زیر اہتمام گرل گائیڈز کو مشکل، ہنگامی اور محدود وسائل والے حالات میں خود انحصاری کے فروغ کے لیے بغیر روایتی برتنوں کے کھانا پکانے کی عملی تربیت فراہم کی گئی۔ تربیتی سرگرمی کی سربراہی پاکستان گرل گائیڈ ایسوسی ایشن بلوچستان کی صدر بیگم عظمت حسن بلوچ نے کی تربیتی سرگرمی کے دوران گرل گائیڈز کو محدود اور دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے مختلف طریقوں سے کھانا تیار کرنے کا عملی مظاہرہ کروایا گیا گرل گائیڈز نے سرگرمی میں بھرپور دلچسپی لیتے ہوئے خود مختلف طریقوں سے کھانا پکانے کی مشق کی اور ہنگامی حالات میں متبادل ذرائع کے استعمال سے متعلق عملی تجربہ حاصل کیا اس موقع پر پاکستان گرل گائیڈ ایسوسی ایشن بلوچستان کی صدر بیگم عظمت حسن بلوچ نے کہا کہ گرل گائیڈز کی تربیت کا مقصد صرف گائیڈنگ کے اصول اور ضوابط سکھانا نہیں بلکہ بچیوں کو مشکل حالات میں خود انحصاری، خود اعتمادی اور عملی زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار کرنا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی عملی تربیتی سرگرمیاں گرل گائیڈز میں مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ہنگامی صورتحال میں دستیاب وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے کے قابل بناتی ہیں انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل بالخصوص بچیوں کو ایسی عملی مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ کسی بھی مشکل یا غیر متوقع صورتحال میں گھبرانے کے بجائے اعتماد اور سمجھداری کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرسکیں۔ تربیتی سرگرمی میں شریک گرل گائیڈز نے کہا کہ بغیر روایتی برتنوں کے کھانا پکانے کی عملی تربیت ان کے لیے ایک منفرد اور مفید تجربہ ہے۔ اس سرگرمی کے ذریعے انہیں نیا ہنر سیکھنے کے ساتھ ساتھ محدود وسائل میں کام کرنے اور مشکل حالات میں خود اعتمادی کے ساتھ فیصلے کرنے کا حوصلہ بھی ملا ہے۔ گرل گائیڈز نے پاکستان گرل گائیڈ ایسوسی ایشن بلوچستان کی جانب سے اس نوعیت کی عملی اور مفید تربیتی سرگرمیوں کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں ان کی شخصیت میں خود اعتمادی، نظم و ضبط اور خود انحصاری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں

