سبی میں بی ایس ڈی آئی فیز تھری کے تحت 70 کروڑ روپے کی ترقیاتی اسکیموں کا آغاز

سبی(این این آئی)کمانڈنٹ سبی اسکاٹس کرنل منیر سلطان نے ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر)الیاس کبزئی کے ہمراہ بی ایس ڈی آئی فیز تھری کے تحت تقریبا 70 کروڑ روپے کی مختلف ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح کردیا۔ منصوبوں میں انڈر واٹر ٹینکس، تلی بی ایچ یو میں اضافی کمروں کی تعمیر، سولر سسٹمز، فلٹر پلانٹس اور سبی ناڑی گیج پر گیٹس کی تنصیب سمیت دیگر اسکیمیں شامل ہیں۔اس موقع پر کرنل منیر سلطان نے کہا کہ بی ایس ڈی آئی کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا انتخاب عوامی کھلی کچہریوں میں سامنے آنے والے بنیادی مسائل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ فیز ون اور ٹو کے منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے گئے، جبکہ فیز تھری میں تعلیم، صحت، صاف پانی اور بجلی کے مسائل کے حل کو ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناڑی گیج پر گیٹس کی تنصیب سے پانی کے ضیاع پر قابو پانے، زرعی شعبے اور زمینداروں کو فائدہ پہنچانے میں مدد ملے گی۔ منصوبے دو سے چار ماہ میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر)الیاس کبزئی نے بتایا کہ عوامی ضروریات کے مطابق اجتماعی منصوبوں کا انتخاب کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اور دیہی آبادی مستفید ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں