کوئٹہ(این این آئی)نیشنل پارٹی کے سربراہ و سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی زیرصدارت مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کا آل پارٹیز اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی سیاسی، آئینی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع، اے این پی کے اصغر خان اچکزئی، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے نصراللہ زیرے، بی این پی (مینگل) کے موسی بلوچ، ایچ ڈی پی کے عبدالخالق ہزارہ اور این ڈی ایم کے احمد جان سمیت دیگر رہنماں نے شرکت کی۔ اجلاس میں امن و امان، مائنز اینڈ منرلز بل، صوبائی وسائل پر آئینی اختیار، سیاسی و جمہوری حقوق اور معاشی مسائل کا جائزہ لیا گیا اور موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اس موقع پر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ بلوچستان انتہائی نازک اور فیصلہ کن مرحلے سے گزر رہا ہے، بدامنی اور بے یقینی نے عوام کی زندگی، کاروبار، تعلیم اور روزگار کو متاثر کیا ہے۔ مسائل کا حل طاقت یا جبر کے بجائے مذاکرات، اعتماد سازی، آئین کی بالادستی اور عوام کی شمولیت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے وسائل سے متعلق قانون سازی میں سیاسی قیادت، منتخب نمائندوں اور عوام کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ بلوچستان کو سیاسی تقسیم کے بجائے اتحاد اور مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔

