کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی زیرصدارت آل پارٹیز اجلاس میں مقررین نے کہا ہے کہ صوبے میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، امن و امان کی صورتحال نے سیاست، معیشت اور کاروبار زندگی کو شدید متاثر کیا ہے، اس لیے سیاسی جماعتوں کو مشترکہ اور موثر سیاسی کردار ادا کرنا ہوگا۔محمد شہی ہاس کوئٹہ میں ہونے والے اجلاس میں جمعیت علما اسلام کے سینیٹر مولانا عبدالواسع، اے این پی کے اصغر خان اچکزئی، ایچ ڈی پی کے عبدالخالق ہزارہ، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے نصراللہ زیرے، این ڈی ایم کے احمد جان، بی این پی کے موسی بلوچ اور جماعت اسلامی کے زاہد اختر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ شاہراہوں اور بارڈرز کی بندش، اشیائے خوردونوش کی ترسیل میں رکاوٹ اور مختلف علاقوں میں بدامنی سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔اجلاس میں بلوچستان کی سطح پر پائیدار سیاسی اتحاد کے قیام اور بھرپور سیاسی تحریک کے آغاز پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ صوبے کے وسائل پر بلوچستان کے عوام کا حق ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ مقررین نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو باہمی اعتماد اور احترام کے ساتھ متحد ہوکر صوبے کے اجتماعی مفادات کا تحفظ کرنا ہوگا۔

