بلوچستان کے نوجوان صوبے کا قیمتی اثاثہ،صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،بلال خان کاکڑ

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے میرٹ کے فروغ اور ملازمتوں کی فروخت کی روک تھام کے لیے بیوروکریسی سے حلف لینے کے اقدام کو تاریخی اور قابلِ تحسین پیش رفت قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ اقدام صوبے میں شفافیت، میرٹ اور گڈ گورننس کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے، جس سے نوجوانوں کا سرکاری اداروں پر اعتماد بحال ہوگا اور انہیں سفارش یا مالی مفادات کے بجائے قابلیت اور اہلیت کی بنیاد پر روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان صوبے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ملازمتوں کی خرید و فروخت نہ صرف نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی بلکہ اداروں کی کارکردگی اور ساکھ کو بھی متاثر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی جانب سے میرٹ اور شفافیت کے لیے واضح پالیسی صوبے میں ایک منصفانہ نظام کے قیام کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ میرٹ پر اہل افراد کی تقرری سے سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر ہوگی، عوام کا اعتماد بڑھے گا اور نوجوانوں میں محنت اور آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں