کوئٹہ(این این آئی)پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن بلوچستان ریجن کے چیئرمین عبدالواحد بڑیچ نے آٹا فروشوں کے خلاف چھاپوں اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں آٹے کی قیمت میں فوری کمی ممکن نہیں، کیونکہ بلوچستان میں مقامی گندم کے ذخائر تقریبا ختم ہوچکے ہیں اور فلور ملز کو اوپن مارکیٹ سے مہنگی گندم خریدنا پڑ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سے گندم کی ترسیل پر پابندی اور سندھ سے سپلائی میں مشکلات کے باعث گندم کی لاگت بڑھ رہی ہے، جبکہ راستوں کی بندش اور ٹرانسپورٹ مسائل نے صورتحال مزید مشکل بنا دی ہے۔ عبدالواحد بڑیچ نے مطالبہ کیا کہ وفاق سے سرکاری سطح پر گندم منگوا کر فلور ملز کو فراہم کی جائے تاکہ عوام کو سستا آٹا فراہم کیا جاسکے۔ انہوں نے گندم کی آزادانہ نقل و حرکت یقینی بنانے اور چیک پوسٹوں پر گاڑیوں کو روکنے کی شکایات کا بھی نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

