کوئٹہ: جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ بلوچستان بدامنی، بے یقینی، معاشی مشکلات اور سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے انتہائی تشویشناک صورتحال سے دوچار ہے، سیاسی قیادت محاذ آرائی اور الزام تراشی کے بجائے سنجیدہ، قابل عمل اور نتیجہ خیز حکمت عملی اختیار کرے۔
انہوں نے کہا کہ دھاندلی زدہ انتخابات اور انتخابی بے ضابطگیوں سے جمعیت علما اسلام سب سے زیادہ متاثر ہوئی اور اسے انتخابی و سیاسی عمل پر سنگین تحفظات ہیں، تاہم جمعیت نے قومی و صوبائی مفاد، سیاسی استحکام اور عوامی مسائل کو مقدم رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی اپنا کردار جاری رکھے گی۔
مولانا عبدالواسع نے کہا کہ بلوچستان کو مزید تقسیم اور تصادم کے بجائے سیاسی بصیرت، قومی یکجہتی، باہمی اعتماد اور اجتماعی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
صوبے کی محرومیوں، بے روزگاری، امن و امان، وسائل پر اختیار، آئینی حقوق اور سیاسی نمائندگی جیسے دیرینہ مسائل کو نظر انداز کرکے پائیدار امن و استحکام ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اعتماد میں لے کر ان کے جائز آئینی، سیاسی اور معاشی مطالبات کا حل تلاش کرنا ہوگا، جبکہ مسائل کا راستہ تصادم نہیں بلکہ بامقصد مکالمہ، سیاسی مفاہمت، آئینی بالادستی اور عوامی اعتماد کی بحالی ہے۔

