کوئٹہ : ڈپٹی ڈی ایچ اوموسیٰ خیل ڈاکٹر نادر خان نے تحصیل کنگری کے مختلف بنیادی مراکز صحت میں قائم ای پی آئی فکسڈ سائٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر اے ایس وی شیر زمان اور قیصر شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران بنیادی مراکز صحت کنگری کوٹ خان محمد اور کشپان کا معائنہ کیا گیا۔ دورے کا مقصد ای پی آئی پروگرام کے تحت جاری سرگرمیوں کا جائزہ لینا اور مراکز صحت میں اسٹاف کی حاضری ، ویکسین اسٹاک ، آئی ایل آر کی مینٹیننس ،کولڈ چین کے انتظامات اور ای پی آئی سے متعلق دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔
ڈپٹی ڈی ایچ او نے تمام مراکز میں عملے کی حاضری چیک کی اور ویکسین اسٹاک سمیت آئی ایل آر کی حالت اور مینٹیننس کا معائنہ کیا۔
اس کے علاوہ ای پی آئی فکسڈ سائٹس کے ریکارڈ اور ضروری دستاویزات کی تکمیل کا بھی جائزہ لیا گیا۔دورے کے دوران جاری 16 روزہ آؤٹ ریچ سرگرمیوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فیلڈ میں تعینات ویکسینیٹرز کی حاضری اور آؤٹ ریچ سرگرمیوں سے متعلق دستاویزات چیک کی گئیں جبکہ جاری سرگرمیوں کا فالو اپ بھی لیا گیا۔
ڈاکٹر نادر خان نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ بچوں کی ویکسینیشن کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے اور ویکسین کی مناسب نگہداشت کولڈ چین کی بحالی اسٹاف کی حاضری اور تمام ضروری ریکارڈ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ ای پی آئی پروگرام کے مقررہ اہداف بہتر انداز میں حاصل کیے جا سکیں۔

