اساتذہ کی حاضری اورکارکردگی پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،ڈپٹی کمشنرزیارت

کوئٹہ : ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں تعلیمی امور، سرکاری اسکولوں کی کارکردگی، اساتذہ کی حاضری، طلبہ کے تعلیمی معیار اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی سمیت دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لطیف اللہ غرشین، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن عبدالمالک تاج، اکاؤنٹس آفیسر عبدالغنی پانیزئی، ڈی ڈی او فیمیل زیارت فرزانہ ارباب، ڈی ڈی او فیمیل سنجاوی فرزانہ کلثوم، ڈی ڈی او زیارت نقیب اللہ کاکڑ، جے ٹی اے کے صدر محمد نور دمڑ، جے ٹی اے آئینی کے صدر فیروز خان اور آر ٹی ایس ایم بدرالدین سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع زیارت کی دونوں تحصیلوں میں تعلیمی اداروں کی مجموعی صورتحال، تدریسی و انتظامی امور، اساتذہ کی حاضری، طلبہ کے تعلیمی معیار اور اسکولوں میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے تعلیمی نظام میں مزید بہتری کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع کی دونوں تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، جو مختلف سرکاری اسکولوں کے باقاعدہ دورے کرکے تعلیمی و انتظامی صورتحال، اساتذہ کی حاضری اور دیگر امور کا موقع پر جائزہ لیں گی اور اپنی رپورٹ پیش کریں گی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مسلسل غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ غیر حاضر اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کرکے ان سے جواب طلب کیا جائے گا جبکہ غیر حاضری کی وجوہات معلوم کرنے کے بعد ضابطے کے مطابق تنخواہوں سے کٹوتی سمیت دیگر محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی نے کہا کہ سرکاری ملازمین بالخصوص اساتذہ کی بروقت حاضری اور ذمہ دارانہ کارکردگی تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت، غیر حاضری اور طلبہ کے تعلیمی مستقبل سے متعلق کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں