بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی
کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات کے قریب دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد ہلاک جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے قومی شاہراہ پر عوام کی آمدورفت متاثر کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جبکہ اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی مذموم کوشش بھی بروقت کارروائی سے ناکام بنائی گئی۔میر سرفراز بگٹی کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانے سے چھ ٹرک، تین بسیں اور دو گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔انہوں نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بروقت ردعمل کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عوام کے جان و مال اور قومی شاہراہوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی ادارے پرعزم ہیں۔

