گوادر(این این آئی)گوادر کے رکنِ صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) مولانا ہدایت الرحمن اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل معین الرحمٰن خان نے سربندر فش لینڈنگ جیٹی میں گوادر فش آکشن ہال اور مال ہولڈنگ سیکشن کا افتتاح کر دیا۔اس موقع پر دونوں شخصیات نے مال ہولڈرز کو الاٹمنٹ آرڈرز بھی حوالے کیے۔رپورٹ کے مطابق فش آکشن ہال اور مال ہولڈنگ سیکشن طویل عرصے سے غیر فعال تھے۔ جی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل معین الرحمٰن خان کی ہدایات پر اب انہیں فعال کر دیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ مچھلی کی باقاعدہ نیلامی کا نظام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سربندر کے ماہی گیروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا، مچھلی کی خرید و فروخت کو منظم کرنا اور ماہی گیری کے شعبے کو مزید فروغ دینا ہے۔باقاعدہ نیلامی کا نظام سربندر کے ماہی گیروں کو ان کے شکار کی بہتر اور مناسب قیمتیں حاصل کرنے میں مدد دے گا، جبکہ مچھلی کی خرید و فروخت کے عمل کو زیادہ منظم اور شفاف بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگا۔فش آکشن ہال اور دیگر سہولیات سے حاصل ہونے والی آمدنی اسی جیٹی پر موجود سہولیات کے آپریشن، دیکھ بھال، مرمت اور مزید بہتری پر خرچ کی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق اس موقع پر جی ڈی اے کے چیف انجینئر حاجی سید محمد، سپرنٹنڈنگ انجینئر روڈز نادر بلوچ، پروجیکٹ ڈائریکٹر سربندر جیٹی حاجی حنیف حسین، ایگزیکٹو انجینئر قاسم بلوچ، سربندر یونین کونسل کے چیئرمین نصیب نوشیروانی، معروف کاروباری و سماجی شخصیت کدہ حمید عیسیٰ سمیت بڑی تعداد میں ماہی گیر، متعلقہ افسران اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

