تربت (این این آئی) جامعہ تربت کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد نے سٹی کیمپس میں جامعہ تربت کے زیرِ اہتمام جاری آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیجیٹل فوٹوگرافی اور دیگر آئی ٹی و پیشہ ورانہ کورسز کی کلاسز کا تفصیلی دورہ کیا اور طلبہ کے لرننگ آؤٹ کم اور تربیتی معیار کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر رجسٹرار گنگزار بلوچ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد اور شعبہ قانون کے سربراہ محمود امیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کا بنیادی مقصد ڈیجیٹل تربیتی معیار، طلبہ کی حاضری اور عملی سرگرمیوں کی سہولیات کا براہ راست جائزہ لینا تھا۔اس دوران پرو وائس چانسلر نے مختلف کمپیوٹر لیبز اور کلاس رومز کا معائنہ کیا اورکورس انسٹرکٹرز اور طلبہ سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے کورسز کے معیار، کمپیوٹر لیبز، سافٹ ویئرز، تربیتی طریقہ کار اور انٹرنیٹ کی سہولیات پر تفصیلی فیڈ بیک حاصل کیا، جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر کمال احمد نے کہا کہ موجودہ دور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور آئی ٹی کی مہارتیں حاصل کرنا نوجوانوں کے محفوظ اور کامیاب مستقبل کے لیے ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل مہارتیں حاصل کرنے میں طلبہ کی لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ تربت، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت میں خطے کے نوجوانوں کو جدید ترین ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اسمارٹ فون کو محض تفریح کی بجائے اپنے مستقبل کی تعمیر کے آلہ کے طور پر استعمال کریں۔بعد ازاں پرو وائس چانسلر نے حکومت بلوچستان کے رائز پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے جاری ڈیجیٹل اسکلز اور پیشہ ورانہ تربیتی کورسز کی کلاسوں کا بھی معائنہ کیا۔

