کوئٹہ/اسلام آباد (این این آئی)قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے مملکت سعودی عرب کے 96ویں قومی دن کے موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، سعودی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا قومی دن سعودی قوم کی قومی یکجہتی، ترقی اور کامیابیوں کے سفر کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کی مزید ترقی، امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مذہبی وابستگی، بھائی چارے، باہمی احترام اور اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں اور وقت کے ساتھ یہ برادرانہ رشتہ مزید مستحکم ہوا ہے۔ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر دونوں ممالک اپنی دیرینہ شراکت داری کو مزید نتیجہ خیز بنا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ اسٹریٹجک باہمی دفاعی تعاون دونوں ممالک کے باہمی اعتماد اور مشترکہ سلامتی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ پارلیمانی روابط میں مزید وسعت بھی پاک سعودی تعلقات کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مسلم دنیا میں امن، اتحاد، باہمی تعاون اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

