پشتون کلچر ڈے اپنی تاریخی و ثقافتی اقدار کے تحفظ کے عزم کی تجدید کا دن ہے، نسیم الرحمان ملاخیل

کوئٹہ (این این آئی)صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے پشتون کلچرل ڈے کے موقع پر تمام پشتون اقوام کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ زندہ اور باشعور قومیں اپنی ثقافتی و روایتی اقدار اور تاریخی ورثے کا تحفظ کرتی ہیں۔ اس دن کو منانے کا مقصد اپنی روایات، ثقافت اور منفرد طرز زندگی کو بہتر طور پر سمجھنا اور اسے ہمیشہ زندہ رکھنے کی کوشش کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پشتون ثقافت کا اپنا منفرد رنگ ہے اور اس کے طور طریقوں میں محبت، بھائی چارے، انکساری اور رواداری کا درس ملتا ہے۔ پشتون ثقافت بہادری، غیرت، مہمان نوازی، پشتونوالی، امن پسندی، محبت اور ایثار جیسی شاندار روایات سے عبارت ہے اور دنیا بھر میں اپنی الگ و منفرد پہچان رکھتی ہے۔نسیم الرحمان ملاخیل نے کہا کہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی ثقافت کو زندہ رکھیں اور اسے نئی نسل تک منتقل کریں تاکہ دنیا بھر میں پشتون قوم کی روایات اور اخلاقی اقدار کو مثبت انداز میں پیش کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آباد تمام اقوام کی اپنی تاریخ اور ثقافت ہے، اس لیے ملک اور صوبے کی تعمیر و ترقی کے لیے سب کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ یہ ملک ہے تو ہم ہیں اور ہماری پہچان پاکستان سے ہے۔صوبائی مشیر نے کہا کہ ثقافت ایک تاریخی تسلسل ہے جس کے ذریعے ہمارا ماضی اور حال ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے اور اسی بنیاد پر ہم اپنے مستقبل کا رخ متعین کرتے ہیں۔ ارتقا اور ترقی کا سفر آگے بڑھنے کے ساتھ ماضی کی کئی چیزیں قصہ پارینہ بن جاتی ہیں اور انسان نئے حالات، ضروریات اور تقاضوں کے مطابق نئی اقدار اور اشیا اختیار کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پشتون قوم بھائی چارے، بردباری اور بشردوستی کی مضبوط اور شاندار اقدار و روایات کی امین ہے، لہذا ضروری ہے کہ پشتون کلچر کی تقریبات کے ذریعے اپنی ترقی پسند سوچ اور شاندار اقدار کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کیا جائے۔ مختلف ثقافتوں اور زبانوں سے تعلق رکھنے کے باوجود ہمیں امن، محبت اور یگانگت کے ساتھ رہنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں