کوئٹہ (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما حاجی خان محمد بڑیچ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مخلوط صوبائی حکومت عوام کو سفر کی بہترین سہولیات کی فراہمی سمیت بنیادی مسائل کے حل کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے عوام حکومتی کارکردگی سے مطمئن ہیں انشاء اللہ آنے والا دور بھی پاکستان پیپلز پارٹی کا ہی ہوگا پارٹی جیالے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،آصف علی زرداری اور آصفہ بھٹو کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔یہ با ت انہوں نے جمعرات کو اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والے پارٹی کے سینئر ساتھیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر پارٹی کے صوبائی رہنما حاجی اختر بلوچ، شاہجہان گجر اوردیگر بھی موجود تھے۔حاجی خان محمد بڑیچ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق عوام کو روٹی،کپڑا،مکان اوردیگربنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بھر پور اقدامات اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں مخلوط صوبائی حکومت نے تمام اضلاع کو یکساں بنیاووں پر ترقی دینے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں اور گزشتہ اڑھائی سال کے دوران جتنے ترقیاتی کام مکمل ہوئے اسکی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی عوام کوسفر کی بہتر سہولیات کی فراہمی میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں عوام کی سہولت کیلئے کوئٹہ سے کچلاک تک پیپلز ریلوے سروس کا آغاز بھی اسی سلسلے میں کی کڑی ہے اس سے پہلے خواتین کیلئے پنک بس سروس اورعوام کیلئے گرین سروس کے روٹس میں توسیع کی گئی جس سے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پیپلزپارٹی بلوچستان میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخاات بھی کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی اورعوام کی خدمت جاری رکھے گی۔

