میر صادق عمرانی، نورمحمد دمڑ،میر لیاقت لہڑی اور رکن اسمبلی میر ظفر زہری سے آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی ملاقات

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیرایری گیشن میرصادق عمرانی،صوبائی وزیر خوراک نورمحمددمڑ،پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی،رکن بلوچستان اسمبلی میر ظفر زہری، سابق صوبائی وزیر میر نصیب اللہ مری سے آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک عبدالغفار مندوخیل،صدر میرعبدالسلام لانگو،جنرل سیکرٹری ملک مجیب مہترزئی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری صلاح الدین کبزئی،سینئر نائب صدر حاجی محمدابراہیم اچکزئی،رابطہ سیکرٹری ساؤتھ میر سلیم بنگلزئی،قلات کے صدرمیروحید لانگونے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں کے دوران آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے صوبائی وزراء اورارکان اسمبلی بلوچستان بھر کے ٹھیکیداروں کو درپیش مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔وفدنے صوبائی وزراء کو بتایا کہ آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے بلوچستان کے تمام اضلاع اور ڈویژن کی کابینہ تشکیل دیدی گئی ہے اور 3اکتوبر کو کوئٹہ میں تقریب حلف برداری میں ایسوسی ایشن کے مرکزی اور ضلعی عہدیداران اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔صوبائی وزراء اورارکان اسمبلی نے آل بلوچستان کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کے مسائل غور سے سنے اورانہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی کوایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے دعوت نامے دیئے صوبائی وزراء اورکان اسمبلی نے تقریب حلف بردار ی میں شرکت کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں