لاہور: پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کے ماضی کے پرتشدد فساد اور دہشت گردی کے واقعات کی وڈیو جاری کردی۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو کے ساتھ اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب نے لکھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ مسلسل اپنے عہدے اور آفس کی بے توقیری اور تضحیک کروا رہے ہیں، 2014 میں ڈی چوک پہ قبریں کھودنے والے، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان پہ حملہ کرنے والے ایک دفعہ پھر ریاست پہ حملہ آور ہیں۔
مریم اورنگزیب نے لکھا کہ ‘اوئے آئی جی’ ‘اوئے ایس ایس پی’ ، ‘اوئے وزیراعظم’ ‘میں تمہیں گھسیٹوں گا’ والا جتھہ پھر سے حملہ آور ہے، پولیس کے سر پھاڑنے، پولیس کی آنکھیں پھوڑنے والے غنڈے پھر سے حملہ آور ہیں، ‘مار دو’، ‘جلا دو’، ‘آگ لگادو’ والے غنڈے ایک دفعہ پھر ریاست پہ حملہ آور ہونے کے لئے آ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ دنیا کے کسی مہذب ملک میں کوئی بھی ریاست پہ جتھے لے کر حملہ آور نہیں ہوسکتا، فارن فنڈڈ فتنہ ایک دفعہ پھر پاکستان کے خلاف حملہ آور ہے، یہ غنڈے سیاسی جماعت نہیں بلکہ فارن فنڈنگ کے تحت پاکستان کے خلاف منصوبہ بندی کرنے والوں کے سہولت کار ہیں، سیاسی جماعت کا لبادہ اوڑھ کر پی ٹی آئی ریاست کے خلاف ہمیشہ دہشت گردی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ڈی چوک میں قبریں کھودنے والا منحوس ٹولہ ہے، یہ پی ٹی وی پر حملہ کرنے والے وہی شرپسند ہیں، ان سیاسی دہشت گردوں کا فسادی انداز نہ بدلا اور نہ بدلے گا، ملک ڈیفالٹ سے کیوں بچ گیا؟ اس کے خلاف دھرنا دے رہے ہیں، دھرنا دنیا میں پاکستان کی سفارتی عزت کی بحالی کے خلاف ہے؟ جس کی تباہی چڑھا کر گئے تھے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 27 ستمبر کو 2014 کا ‘ری پیٹ’ دھرنا اور 9 مئی نہیں ہونے دیں گے، فارن فنڈد فتنہ ایک دفعہ پھر سے اپنے ہی ملک کی پولیس اور رینجرز کے سرپھاڑنے کے لئے تیار ہے، فتنہ و فساد ٹولہ ایک دفعہ پھر ایمبولینسز جلانے اور آگ لگانے کے لئے تیار ہے، فتنہ و فساد ٹولا ایک دفعہ پھر پولیس پر پٹرول بم برسانے کو تیار ہے، فتنے اور فسادی غنڈے پاکستان کے عوام کے کاروبار، روزگار، نوجوان کی تعلیم اور مزدور کے رزق کے خلاف ہیں۔

