نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان سے ملاقات کی اور امن و ترقی کیلیے تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے ساتھ تعاون اور دیرینہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور رواں سال کے اوائل میں آغا خان کے دورۂ پاکستان کے دوران ہونے والی اپنی ملاقات کو خوشگوار الفاظ میں یاد کیا۔
شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستانہ اور مثبت تعلقات کو مستحکم رکھنے کے لیے پرنس رحیم آغا خان کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے ان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بالخصوص اسماعیلی برادری کی دیرینہ خدمات کو سراہا اور معاشرے کے لیے خدمت اور شہری شمولیت کی اس کی قابل قدر روایت کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم نے اے کے ڈی این (AKDN) سے وابستہ اداروں کی مالیاتی شمولیت، سیاحت کے فروغ، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور مقامی آبادی کی شمولیت سے معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات کو بھی سراہا۔ شہباز شریف نے ان شعبوں میں مزید تعاون کے وسیع امکانات سے بھرپور استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ پاکستان میں پائیدار اور جامع ترقی کو فروغ دیا جاسکے۔
پرنس رحیم آغا خان نے وزیراعظم کے پرتپاک جذبات پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے ایسی صورتحال میں جب پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں ہے، علاقائی امن و استحکام کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
پرنس رحیم آغا خان نے پاکستان اور اے کے ڈی این کے درمیان دیرینہ شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے انسانی ترقی کے مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھنے اور اسے وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے بالخصوص صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے اور اسے مزید وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان کو پاکستان کے باقاعدگی سے دورے کرنے کی دعوت دی تاکہ کئی دہائیوں سے قائم دوستی اور تعاون کے رشتوں کو مزید مضبوط اور گہرا کیا جاسکے۔

